پرائیویٹ سکولز کا 5ویں کلاس تک کے بچوں کو چھٹیوں کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ

 

پرائیویٹ سکولز کا 5ویں کلاس تک کے بچوں کو چھٹیوں کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ


سموگ کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنا حل نہیں کیوں کہ اس سے تعلیمی اداروں میں مڈٹرم امتحان متاثر ہوں گے؛ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے رہنما کاشف مرزا کا بیان


لاہور (۔ 03 نومبر 2024ء ) آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے لاہور میں 5ویں کلاس تک کے بچوں کو چھٹیوں کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آلودگی کے باعث صوبائی حکومت کی جانب سے لاہور کے پرائمری سکولز ایک ہفتے کے لیے بند رکھنے کے اعلان پر پرائیویٹ سکولوں کا ردعمل سامنے آیا ہے، اس سلسلے میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے رہنما کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ سموگ کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنا حل نہیں کیوں کہ اس سے تعلیمی اداروں میں مڈٹرم امتحان متاثر ہوں گے لہذا حکومت فیصلے پر نظرثانی کرے۔

انہوں نے کہا کہ نجی سکولز میں سموگ تدارک کیلئے اوقات کارتبدیل کر چکے ہیں، پنجاب حکومت کو چاہیئے سکولز بند کے بجائے گرین سکولز، گرین انرجی کو فروغ دیا جائے، حکومت صوبے میں دھواں چھوڑنے والی انڈسٹریز اور یورو ٹو آئل پر ایک ماہ کیلئے پابندی لگائے۔

ادھر صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سموگ کے پیش نظر پرائمری سکولوں میں چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، نوٹی فکیشن صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کیا گیا، نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلع لاہور کے علاقائی دائرہ اختیار میں واقع تمام سکولوں (پبلک اور پرائیویٹ) میں 5ویں جماعت تک کی تمام کلاسیں 04 نومبر بروز پیر سے 09 نومبر بروز ہفتہ تک ایک ہفتے کے لیے بند رہیں گی، چیف ایگزیکٹو آفیسر (DEA) لاہور کو احکامات کی تعمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پرائمری سکولوں میں چھٹیوں کا فیصلہ بگڑتے ہوئے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے تناظر میں کیا گیا، اس حوالے سے 03 نومبر کو پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 1997ء کے سیکشن6( 1)(t) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی پنجاب کی طرف سے احکامات جاری کیے گئے۔


تبصرے

مشہور اشاعتیں